01:34 , 5 مئی 2026
Watch Live

انڈونیشیا میں ٹرینوں کا خوفناک تصادم، 14 ہلاک، متعدد زخمی

انڈونیشیا ٹرین تصادم

انڈونیشیا میں ٹرینوں کے خوفناک تصادم کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا ہے، جس نے پورے ملک میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ اچانک پیش آیا جس کے باعث متعدد مسافر شدید متاثر ہوئے۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتا سے ملحقہ شہر بیکاسی میں پیش آیا، جہاں دو ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں۔ تصادم اس قدر شدید تھا کہ کئی ڈبے پٹری سے اتر گئے۔

ریلوے حکام نے تصدیق کی ہے کہ یہ حادثہ بیکاسی کے مرکزی ریلوے اسٹیشن پر پیش آیا، جہاں اب تک 14 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ حکام کے مطابق ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی موجود ہے۔

حادثے میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 84 بتائی جا رہی ہے، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ امدادی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کا عمل تیز کر دیا ہے۔

حکام کے مطابق ایک ٹرین میں تقریباً 240 افراد سوار تھے جو محفوظ رہے، تاہم دوسری ٹرین کے مسافروں کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔ جائے حادثہ پر ریسکیو اہلکار ملبہ ہٹانے میں مصروف ہیں۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ تصادم کے بعد ہر طرف چیخ و پکار مچ گئی اور لوگ اپنی مدد آپ کے تحت ایک دوسرے کو نکالنے کی کوشش کرتے رہے۔ امدادی اداروں نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر کارروائی شروع کی۔

ریلوے حکام نے اعلان کیا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے باضابطہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر اسے تکنیکی خرابی یا انسانی غفلت قرار دیا جا رہا ہے، تاہم حتمی رپورٹ آنے کے بعد ہی اصل حقائق سامنے آئیں گے۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION